بنگلورو۔30؍مئی(ایس او نیوز) سابق وزیر اعلیٰ اور ریاستی جنتادل (ایس) صدر ایچ ڈی کمار سوامی نے مرکزی حکومت کی طرف سے لاگو کئے گئے انسداد گؤ کشی قانون کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ وہ گؤ کشی کے مخالف ضرور ہیں ، لیکن یہ چاہتے ہیں کہ گؤ کشی ملک بھر میں مکمل طور پر لاگو کی جائے ۔غریب اور متوسط طبقات کو گؤ کشی کے نام پر ہراساں کرنے اور بیف ایکسپورٹ کرنے والی کمپنیوں کی مدد کرنے کا جو دوغلا رویہ مرکزی حکومت نے اپنایا ہے وہ درست نہیں۔ باگلکوٹ میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کمار سوامی نے کہاکہ معمر گائیوں ارو دیگر مویشیوں کی پرورش کرنا کاشتکاروں کے بس میں نہیں ہے، مرکزی حکومت اگر گؤ کشی لاگو کرنا ہی چاہتی ہے تو سب سے پہلے کاشتکاروں کو معمر گائیوں اور دیگر مویشیوں کی دیکھ بھال کیلئے خصوصی مالی امداد مہیا کرائے ۔انہوں نے کہاکہ گائیوں کی دیکھ بھال کیلئے حکومت ہر کاشتکار کو فی جانور سالانہ 25ہزار روپے مہیا کرائے یا پھر ملک کے تمام اضلاع اور تعلقہ جات میں ان گائیوں کی دیکھ بھال کیلئے مرکزی حکومت اپنے طور پر گؤ شالائیں قائم کرے۔ انہوں نے کہاکہ جلد ہی اس سلسلے میں وہ وزیر اعظم مودی کو ایک مکتوب روانہ کریں گے۔ ریاست میں کسانوں کے قرضہ جات معاف کرنے ریاستی بی جے پی صدر یڈیورپا کے مطالبے کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اپنے دور اقتدار میں یڈیورپا نے کیا کیا ہے اسے خود یڈیورپا جانتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کسانوں کے قرضہ جات معاف کرنے کیلئے فنڈز کی ضرورت پڑتی ہے۔ جو مرکزی حکومت کی طرف سے مہیا کرایا جاتا ہے۔ ریاستی حکومت کو اگر نوٹ چھاپنے کا اختیار ہوتا تو شاید قرضہ معاف کردیاجاسکتا تھا۔ انہوں نے کہاکہ خود وزیر اعظم مودی نے اقتدار سنبھالنے کے بعد کسانوں کے قرضہ جات معاف کرنے کا پہلے تین سال میں کبھی اعلان نہیں کیا تو یڈیورپا اقتدار حاصل کرکے 24 گھنٹوں میں کیونکر معاف کردیں گے۔کمار سوامی نے مشورہ دیا کہ سستی شہرت کیلئے یڈیورپا اس طرح کے بیہودہ اعلانات کرنے سے گریز کریں۔
شہر بھر میں جنتادل (ایس) کمارانا سندیش یاترا نکالے گی
بنگلور شہر کے تمام 28اسمبلی حلقوں اور 198 وارڈوں میں جنتادل (ایس) کے پیغام کو عام کرنے کیلئے بنگلور ضلع جنتادل (ایس) نے کمارانا سندیش یاترا نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔یکم تا 15جون چلنے والی یاترا میں جنتادل (ایس) کے قومی صدر ایچ ڈی دیو ے گوڈا اور سابق وزیراعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی حصہ لیں گے۔یاتراکے دوران قومی سیاسی جماعتوں کانگریس اور بی جے پی کی طرف سے کرناٹک کے ساتھ ہوئی ناانصافیوں کو عوام کے سامنے لایا جائے گااور عوام سے جنتادل (ایس) کی تائید کی اپیل کی جائے گی۔ ساتھ ہی کمار سوامی کے دور اقتدار میں شروع کئے گئے گرام واستویہ اقلیتوں کے تحفظ اور دیگر فلاحی پروگراموں ، اسکولی بچوں کو سائیکلوں کی تقسیم ، نشہ بندی ، لاٹری بندی، میٹرو ، انٹرنیشنل ایرپورٹ، اور دیگر اہم منصوبوں کی شروعات کے متعلق بھی آگاہی لائی جائے گی۔ اس سلسلے میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ جو پارٹی کی اس مہم کو آنے والے دنوں میں نئی سمت دے گی۔